اقتباسات

شب قدر کی فضیلت

شب قدر کی فضیلت
رمضان المبارک کا پ7ورا مہینہ آخرت کی دولت کمانے کا ہے، پهر اس ماہ اخیر عشرہ اور بهی زیادہ محنت اور کوشش سے عبادت میں لگنے کا ہے، اس عشرہ میں شب قدر ہوتی ہے جو بڑی بابرکت رات ہے، قرآن مجید میں ارشاد فرمایا.
"یعنی شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے”
ہزار مہینے کے 82 سال اور 4 ماہ ہوتے ہیں، پهر شب قدر کو ہزار مہینے کے برابر نہیں بتایا بلکہ ہزار مہینے سے بہتر بتایا ہے، ہزار مہینے سے شب قدر کس قدر بہتر ہے اس کا علم اللہ ہی کو ہے، مومن بندوں کے لیے شب قدر بہت ہی خیر و برکت کی چیز ہے، ایک رات جاگ کر عبادت کر لیں اور ہزار مہینوں سے زیادہ عبادت کا ثواب پا لیں اس سے بڑھ کر اور کیا چاہیے. حدیث شریف میں فرمایا:
"یعنی جو شخص شب قدر سے محروم ہو گیا (گویا) بهلائی سے محروم ہو گیا اور شب قدر کی خیر سے وہی محروم ہوتا ہے جو کامل محروم ہو.”
پہلی امتوں کی عمریں زیادہ ہوتی تھیں، اس امت کی عمر بہت سے بہت 70,80 سال ہوتی ہے، اللہ تعالٰی نے یہ احسان فرمایا کہ ان کو شب قدر عطا فرما دی، اور اس شب قدر کا درجہ ہزار مہینوں کی عبادت سے زیادہ کر دیا، یہاں محنت کم ہوئی، وقت بهی کم لگا، ثواب بهی بڑی عمر والی امتوں سے بڑھ گیا، اللہ تعالٰی کا فضل و انعام ہے کہ اس امت کو سب سے زیادہ نوازا گیا.
ایک حدیث میں ارشاد ہے:
"جو شخص لیلتہ القدر میں ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے (عبادت کے لیے) کھڑا رہا اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیے جائیں گے”

شب قدر کی تاریخیں:
شب قدر کے بارے میں حدیثوں میں وارد ہوا ہے کہ رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کرو، لہٰذا رمضان کی 21ویں، 23ویں، 25ویں، 27ویں اور 29ویں رات کو جاگنے اور عبادت کرنے کا خاص اہتمام کریں، خصوصا 27ویں شب کو ضرور جاگیں، کیونکہ 27ویں شب ”شب قدر” ہونے کی زیادہ امید ہوتی ہے.

شب قدر کی دعا:
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ارشاد فرمائیے کہ اگر مجهے پتا چل جائے کہ فلاں رات ”شب قدر” ہے تو میں کیا دعا کروں، آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا یہ دعا کرو.
اللهم انک عفو تحب العفو فاعف عنی
ترجمہ: "اے اللہ اس میں شک نہیں کہ آپ معاف کرنے والے ہیں، معاف کرنے کو پسند فرماتے ہیں لہٰذا مجهے معاف فرما دیجیے”

تو آج کی اس بابرکت رات جی بھر کر عبادت کریں یوں کہ آپ کی زندگی کی آخری رات ہو. اپنے رب کو راضی کریں، اپنے گناہوں کی صدق دل سے معافی مانگیں اور آئندہ ان سے بچنے کا عہد کریں…
دوسروں کو معاف کرنا سیکهیں اور ان کی غلطیوں کو درگزر کر دیں تاکہ اللہ کی بارگاہ میں آپ کی غلطیوں کو بھی درگزر کیا جائے…
خلوص_دل سے مانگی جانے والی دعا کبھی رد نہیں ہوتی، آپ سب کے لیے بہت سی دعائیں ہیں. آپ بھی دعاوءں میں خاص یاد رکھیے گا.
جزاک اللہ خیرا کثیرا
عالمی روحانی تحریک
انجمن سرفروشان اسلام پاکستان کراچی ڈویژن