اقتباسات

محرم الحرام یومِ شہادت حضرت عمرفاروق ؓ

یکم محرم الحرام یومِ شہادت حضرت عمرفاروق ؓ …
خلیفہ دوئم حضرت عمرفاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ جلیل القدرصحابی اور بہترین منتظم تھے
ان کے دورخلافت میں 22لاکھ مربع میل پر اسلام کاپرچم لہرایا گیا
خطبہٴ جمعہ کے دوران ایک شہری خلیفہ وقت سے استفسار کرتا ہے کہ بیت المال سے ملنے والا کپڑا تو اتنا نہیں تھا کہ ان جیسے دراز قد شخص کا کرتا بن سکے۔ پھر یہ اضافی کپڑا کہاں سے آیا؟ خلیفہ کی جگہ مجمع سے ان کا بیٹا وضاحت کرتا ہے کہ انہوں نے اپنے حصے کا کپڑا والد کو دیا جس سے ان کا کرتا بن پایا۔ یہ تھے 22لاکھ مربع میل پر اسلام کا پرچم لہرانے والے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کا لقب فاروق تھا۔ انہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حق و باطل میں فرق کرنے پر یہ لقب دیا۔ انہیں مراد رسول صلی اللہ علیہ وسلم بھی کہا جاتا ہے۔ حضرت عمرفاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حقیقی جمہوریت اورعدل کا ایسا نظام وضع کیا جس نے حکمرانی کا تصور ہی بدل ڈالا۔ عہد فاروقی کا بنیادی وصف عدل و انصاف تھا۔ شاہ و گدا ہو یا عزیز و بیگانہ، سب کیلئے ایک ہی قانون تھا۔ سن ہجری کا اجراء، فوج و پولیس، بیت المال، نئے شہروں کا قیام، نہری نظام، مردم شماری، ڈاک خانے کا قیام، تعلیم کو لازمی قرار دینا اور زرعی و مالیاتی اصلاحات عہدِفاروقی کے انقلابی اقدامات تھے۔ فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کئی آراء پرآیات ِ قرآنی نازل ہوئیں۔ ابولولوفیروز نامی شخص نے نمازفجر کے دوران آپ رضی اللہ عنہ پر قاتلانہ حملہ کیا۔ آپ رضی اللہ عنہ شدید زخمی ہوئے اور یکم محرم الحرام کو شہید ہوگئے

عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام پاکستان