, ,

پیارے آقاﷺاور خالق کائنات کے ذکر سے اس دل کی آبیاری کریں ۔فیض محمد فیضی

 انجمن سرفروشان ِاسلام حضرت سیدنا ریاض احمد گوھرشاھی مد ظلہ العالی کے وسیلے سے  پیغام دے رہی ہے کہ اپنے ناپاک دل کو پاک وصاف کر لیں۔ انجمن کے سرفروش ساتھی آپ کے پاس اس لئے آئے ہیں کہ اپنے سینوں میں پیارے آقاعلیہ السلام کا عشق پیدا کرو۔عشق کیسے پیدا ہو گا؟ جب تم محفل میلاد میں شرکت کرو گے ۔ پیارے آقاﷺسے محبت کرو گے ۔اُٹھتے ،بیٹھتے اُن کی سنہری جالیوں کا،ریاض الجنہ کا تصور کرو گے تو پیارے آقاﷺسے پیارہوگا نا۔ یہ وہ دَر ہے کہ ایک دفعہ جودست سوال دراز کردے تو آقاﷺاُس کو مایوس نہیں کرتے ۔ان خیالات کا اظہار جناب فیض محمد فیضی صاحب نے اپنے خطاب میں کیا ۔اُن کامزید کہنا تھا کہ آج ولی باکمال ،مرشد گرامی نے ہماری یہ ڈیوٹی لگائی ہےکہ آج کے دور میں نوجوان نسل کو اس جانب مائل کرو کہ اپنے دل کی خالی دھڑکنوں کو جو خالی ٹک ٹک کر رہی ہیں ،ان کو اللہ اللہ میں لگاﺅ۔ جاﺅ اورامت مسلمہ کے نوجوان کویہ پیغام دوکہ ان خالی ٹک ٹکوں کو اللہ اللہ میں لگاﺅ۔ رب کعبہ کی قسم !جس دل کی خالی دھڑکن میں اللہ اللہ شروع ہو جاتی ہے وہ دل ،دل نہیں رہتا بلکہ یار کا حرم بن جایا کرتا ہے ۔مولانا روم ؒارشاد فرماتے ہیں کہ
د ل بدست آور کہ حج اکبرست از ہزاراں کعبہ یک دل بہترست
کعبہ بہ بنیاد خلیل ازرست دل گذر گاہِ جلیل اکبرست
مفہوم :۔اے غافل انسان ،اے غافل نوجوان ،تیراایک دل ہزار کعبے سے افضل ہے ۔اس دل میں تیرا حج اکبر ہے ۔اُس کعبے کی بنیاد حضرت ابراہیم خلیل اللہ نے رکھی جبکہ تیرے اس دل کی بنیاد خود خالق کائنات رکھتا ہے ۔خالق کائنات نے بھی فرمایا کہ حدیث ِقدسی :۔”نہ میں زمیں میں سماتا ہوں،نہ آسماں کی وسعتوں میں ،میں (اللہ )اگر سماتا ہوں تو بندہ مومن کے دل میں “۔آج ہم بھی تمہیں یہی پیغام دینے آئے ہیں کہ اپنے دل سے حرص ،حوس ،حسد ،بغض اور کینہ جیسی لعنتوں کو نکال کر پیارے آقاﷺاور خالق کائنات کے ذکر سے اس دل کی آبیاری کریں ۔روحانیت ایک سمندر ہے ۔یہ کسی فقیر کا در اور فیض ہے نہ کہ کسی دنیادار طالب زر کا ۔اس لئے خود رب العزت نے ارشاد فرمایا کہ اگر میں اپنے محبوب ﷺکو تخلیق نہ کرتا تو میں اپنا رب ہونابھی ظاہر نہ کرتا کیونکہ وہ خدابھی نہیں اور جدا بھی نہیں ۔آئیں اور ایک دفعہ اجازت ذکر ِقلب حاصل کرکے اپنی قسمت آزمائیں اوراپنے اندر کسوٹی پیداکریں کہ کھرے اورکھوٹے کی پہچان ہو سکے ۔اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں عمل کی توفیق عطاءفرمائے ۔آمین۔
یہ محفل پاک جناب وحید مراد صاحب کے گھر ملت ٹاﺅن ،فیصل آباد میں اُن کی رہائش گاہ پر اُن کے بیٹے کی ولادت کی خوشی میں منعقد کی گئی ۔جس میں نقابت کے فرائض فیض محمد فیضی صاحب نے سر انجام دئیے۔اس محفل پاک میں حمدباری تعالیٰ ،نعت رسول مقبول ﷺ۔منقبت امام عالی مقام ،منقبت غوث الوراءؓاورقصیدہ مرشدی کی سعادت باالترتیب غلام محی الدین وہمنوا(دف کے ساتھ )،افسر علی رضوی ،میاں عبدالمنان قادری ،محمدآصف (ساﺅنڈ آپریٹر)اور محمد رفیق قادری سمیت دیگر نے حاصل کی ۔اس موقع پر محمد افضال قادری صاحب نے لوگوں کو ذکروفکر سے آگاہی دی اورانجمن کا پیغام محبت نئے ساتھیوں تک پہنچایا۔حلقہ ذکر الٰہی ترتیب دیا اوردعائے خیر فرمائی ۔بعد میں تمام شرکاءمحفل میں لنگر تقسیم کےا گیا۔

All rights reserved 2018 Copyright - Anjuman Safroshan e Islam